Agar Chamka Muqaddar Khaak Paye Rah-rwaan Ho Kar
Written by Maulana Hasan Raza Khan (Hasan)
Urdu
Complete Ash'aar & Transliteration
Matla to Maqtaاگر چمکا مقدر خاکِ پائے رہرواں ہو کر
چلیں گے بیٹھتے اٹھتے غبارِ کارواں ہو کر
شبِ معراج وہ دم بھر میں پلٹے لامکاں ہو کر
بہارِ ہشتِ جنت دیکھ کر ہفت آسماں ہو کر
چمن کی سیر سے جلتا ہے جی طیبہ کی فرقت میں
مجھے گلزار کا سبزہ رلاتا ہے دھواں ہو کر
تصور اس لبِ جاں بخش کا کس شان سے آیا
دلوں کا چین ہو کر جاں کا آرامِ جاں ہو کر
کریں تعظیم میری سنگِ اسود کی طرح مومن
تمہارے در پہ رہ جاؤں جو سنگِ آستاں ہو کر
دکھا دے یا خدا گلزارِ طیبہ کا سماں مجھ کو
پھروں کب تک پریشاں بلبلِ بے آشیاں ہو کر
ہوئے یمنِ قدم سے فرش و عرش و لامکاں زندہ
خلاصہ یہ کہ سرکار آئے ہیں جانِ جہاں ہو کر
ترے دستِ عطا نے دولتیں دیں دل کیے ٹھنڈے
کہیں گوہر فشاں ہو کر کہیں آبِ رواں ہو کر
فدا ہو جائے امت اس حمایت اس محبت پر
ہزاروں غم لیے ہیں ایک دل پر شادماں ہو کر
جو رکھتے ہیں سلاطیں شاہیءِ جاوید کی خواہش
نشاں قائم کریں ان کی گلی میں بے نشاں ہو کر
وہ جس راہ سے گزرتے ہیں بسی رہتی ہے مدت تک
نصیب اس گھر کے جس گھر میں وہ ٹھہریں مہماں ہو کر
حسن کیوں پاؤں توڑے بیٹھے ہو طیبہ کا رستہ لو
زمینِ ہند سرگرداں رکھے گی آسماں ہو کر