Apne Dar Pe Jo Bulaa-o To Bahot Ach’cha Ho
Written by Huzoor Taajush Shariah Allama Mufti Muhammad Akhtar Raza Khan Azhari
Urdu
Complete Ash'aar & Transliteration
Matla to Maqtaاپنے در پہ جو بُلاؤ تو بہت اچھا ہو
میری بِگڑی جو بناؤ تو بہت اچھا ہو
قیدِ شیطان سے چھُڑاؤ تو بہت اچھا ہو
مجھ کو اپنا جو بناؤ تو بہت اچھا ہو
گردشِ دور نے پامال کیا مجھ کو حضور
اپنے قدموں میں سلاؤ تو بہت اچھا ہو
یوں تو کہلاتا ہوں بندہ میں تمہارا لیکن
اپنا کہہ کے جو بلاؤ تو بہت اچھا ہو
غمِ پیہم سے یہ بستی میری ویراں ہوئی
دل میں اب خود کو بساؤ تو بہت اچھا ہو
کیف اُس بادۂ گُلنار سے ملتا ہی نہیں
اپنی آنکھوں سے پلاؤ تو بہت اچھا ہو
تم تو مُردوں کو جلا دیتے ہو میرے آقا
میرے دل کو بھی جلاؤ تو بہت اچھا ہو
جس نے شرمندہ کیا مہر و مہ و انجم کو
ایک جھلک پھر وہ دکھاؤ تو بہت اچھا ہو
رو چکا یوں تو میں اوروں کے لیے خوب مگر
اپنی الفت میں رلاؤ تو بہت اچھا ہو
یوں نہ اختر کو پھراؤ میرے مولیٰ در در
اپنی چکھٹ پہ بٹھاؤ تو بہت اچھا ہو