Back to Collection
Ban Gaye But Parast Ham Surat E Yaar Dekh Kar
Written by Shabbir Sajid Mehrvi
Urdu
Complete Ash'aar & Transliteration
Matla to Maqtaدیدِ جمالِ حق ہوئی حسنِ نگار دیکھ کر
بن گئے بت پرست ہم صورتِ یار دیکھ کر
کب تھا نصیب میں سکوں پہلے ہی حال تھا زبوں
بڑھ گئیں اور الجھنیں گیسوئے یار دیکھ کر
پہلے تو چپ کھڑے رہے سر کو جھکائے شرم سے
رو دیے پھر وہ پھوٹ پھوٹ میرا مزار دیکھ کر
ساقی بھی ہے، گھٹا بھی ہے، موسمِ جاں فزا بھی ہے
کافر ہے اب جو نہ پیئے ایسی بہار دیکھ کر
ایسا تھا حالِ بیکسی ان کو بھی رحم آ گیا
مجھ سے لپٹ گئے مِری حالتِ زار دیکھ کر
جانے کہاں کہاں قدم رکھے میرے حضور نے
سجدے کیے ہیں جا بجا ان کا دیار دیکھ کر
سوف سے جب نہ چل سکے ان کے نشاں کے ساتھ ساتھ
بن گئے ہم غبارِ راہ ناقۂ یار دیکھ کر
ساجد نظر جو آئے ہم کیا کیا چشمِ یار نے
تیرِ نظر چلا دیا اپنا شکار دیکھ کر
دیدِ جمالِ حق ہوئی حسنِ نگار دیکھ کر
بن گئے بت پرست ہم صورتِ یار دیکھ کر