Elahi Zindagi Yun Hi Basar Ho
Written by Janab Muhammad Deewana Nazami
Urdu
Complete Ash'aar & Transliteration
Matla to Maqtaالٰہی زندگی یوں ہی بسر ہو
نبی کا درد ہو میرا جگر ہو
میری آہوں میں بھی اتنا اثر ہو
یہاں تڑپوں مدینے میں خبر ہو
میرے مولا مجھے وہ دن دکھا دے
نبی کا آستاں ہو میرا سر ہو
چلا جاؤں غبارِ راہ بن کر
جو قسمت میں مدینے کا سفر ہو
غلاموں کی خبر رکھتے ہیں آقا
وہ آقا ہی نہیں جو بے خبر ہو
میری الفت مجھے کافر بنا دے
سوا تیرے کوئی دل میں اگر ہو
مجھے آقا عطا ایسی نظر ہو
میں دیکھوں جس طرف تو جلوہ گر ہو
مجھے کیا کام ہے دیر و حرم سے
میرا سجدہ ادھر ہے تو جدھر ہو
مجھے سارا جہاں اپنا کہے گا
میری جانب اگر تیری نظر ہو
سراپا بندگی وہ زندگی ہے
خیالِ مصطفیٰ میں جو بسر ہو
نہیں اس کے سوا کوئی تمنا
جب آئے موت تو پیشِ نظر ہو
یہی بس آرزو ہے یا الٰہی
جمالِ یار ہو میری نظر ہو
بلا لو آقا دیوانے کو در پر
یہ ہو کر آپ کا کیوں در بدر ہو
الٰہی زندگی یوں ہی بسر ہو
نبی کا درد ہو میرا جگر ہو