Back to Collection

Fikar-E-Insan Per Teri Hasti Se Ye Roshan Huwa

Written by Allama Muhammad Iqbal

Urdu

Complete Ash'aar & Transliteration

Matla to Maqta

فکرِ انسان پر تری ہستی سے یہ روشن ہوا

ہے پرِ مرغِ تخیل کی رسائی تا کجا

تھا سراپا روح تو، بزمِ سخن پیکر تیرا

زیبِ محفل بھی رہا، محفل سے پنہاں بھی رہا

دید تیری آنکھ کو اس حسن کی منظور ہے

بن کے سوزِ زندگی ہر شے میں جو مستور ہے

محفلِ ہستی تیری بربت سے ہے سرمایہ دار

جس طرح ندی کے نغموں سے سکوتِ کوہسار

تیرے فردوسِ تخیل سے ہے قدرت کی بہار

تیری کشتِ فکر سے اگتے ہیں عالم سبزہ زار

زندگی مضمر ہے تیری شوخیِ تحریر میں

تابِ گویائی سے جنبش ہے لبِ تصویر میں

نطق کو سو ناز ہیں تیرے لبِ اعجاز پر

محوِ حیرت ہے ثریا رفعتِ پرواز پر

شاہدِ مضمون تصدق ہے تیرے انداز پر

خندہ زن ہے غنچہِ دلی گلِ شیراز پر

آہ! تو اجڑی ہوئی دلی میں آرامیدہ ہے

گلشنِ ویمار میں تیرا ہمنوا خوابیدہ ہے

لطفِ گویائی میں تیری ہمسری ممکن نہیں

ہو تخیل کا نہ جب تک فکرِ کامل ہمنشیں

ہائے! اب کیا ہو گئی ہندوستان کی سیر زمیں

آہ! اے نظارہ آموزِ نگاہِ نکتہ بیں

گیسوئے اردو ابھی منت پذیرِ شانہ ہے

شمع یہ سودائیِ دلسوزیِ پروانہ ہے

اے جہاں آباد! اے گہوارہِ علم و ہنر

ہیں سراپا نالہِ خاموش تیرے بام و در

ذرے ذرے میں تیرے خوابیدہ ہیں شمس و قمر

یوں تو پوشیدہ ہیں تیری خاک میں لاکھوں گہر

دفن تجھ میں کوئی فخرِ روزگار ایسا بھی ہے؟

تجھ میں پنہاں کوئی موتی آبدار ایسا بھی ہے؟