Ik Nazar Shahe Payambar Ik Nazar
Written by Mohammad Fayyaz Misbahi
Urdu
Complete Ash'aar & Transliteration
Matla to Maqtaزندگی ہے غفلتوں میں تر بتر
اک نظر شاہِ پیمبرؐ اک نظر
لؤ لگائیں چھوڑ کر تم کو کدھر
اک نظر شاہِ پیمبرؐ اک نظر
دل گناہوں کا پجاری ہو گیا
رنگِ دنیا ہم پہ طاری ہوگیا
نفس میں پھیلا گناہوں کا زہر
اک نظر شاہِ پیمبرؐ اک نظر
صبح ہوتی ہے گناہوں سے شروع
شام نافرمانیوں کے رو برو
جرم میں ڈوبا ہے اپنا ہر پہر
اک نظر شاہِ پیمبرؐ اک نظر
ہم طریقِ غیر میں مسرور ہیں
آپ کی سنت سے آقا دور ہیں
نہ رہا ہم میں غلامی کا اثر
اک نظر شاہِ پیمبرؐ اک نظر
تھے کبھی دریا مگر قطرہ ہوئے
چھوڑ کر دامن ترا رسوا ہوئے
لٹ رہا ہے خیمئہ عزّ و ظفر
اک نظر شاہِ پیمبرؐ اک نظر
نا شعورِ بندگی رکھتے ہیں ہم
نا بھلوں سی زندگی رکھتے ہیں ہم
ہے فقط ہم کو خطاؤں کا ہنر
اک نظر شاہِ پیمبرؐ اک نظر
رب کے بھیجے در پہ مجرم آئے ہیں
سن کے ”جاؤک“ کا مژدہ آئے ہیں
ظلم ہم نے کر لیا ہے نفس پر
اک نظر شاہِ پیمبرؐ اک نظر
آپ کا ہونے کا دم بھرتے رہے
بے وفائی پھر بھی ہم کرتے رہے
کیسے محشر میں ملائیں گے نظر
اک نظر شاہِ پیمبرؐ اک نظر
چاک ہے دامن گریباں تار تار
قصّہء غم کیا کہے یہ دل فگار
آپ سے یہ عرض ہے بس مختصر
اک نظر شاہِ پیمبرؐ اک نظر
آئیے آ جائیے آ جائیے
خواب میں اک دن کرم فرمایئے
کہہ رہا فیاض یہ خستہ جگر
اک نظر شاہِ پیمبرؐ اک نظر