Back to Collection
Is Qadar Kaun Muhabbat Ka Sila Deta Hai
Written by Ahmad Nadeem Qasmi
Urdu
Complete Ash'aar & Transliteration
Matla to Maqtaاس قدر کون محبت کا صلہ دیتا ہے
اس کا بندہ ہوں جو بندے کو خدا دیتا ہے
اس کے ارشاد سے مجھ پہ مرے اسرار کھلے
کہ وہ ہر لفظ میں آئینہ دکھا دیتا ہے
وہی سر سبز کرے گا مرے ویرانوں کو
آندھیوں کو بھی جو کردارِ صبا دیتا ہے
قدم اٹھتے ہیں مرے جانبِ بطحا جب بھی
اک فرشتہ مجھے شہپر کی ہوا دیتا ہے
قصر و ایوان سے گزر جاتا ہے چپ چاپ ندیمؔ
درِ محمدﷺ کا جب آئے تو صدا دیتا ہے