Is Taraf Bhi Karam Aye Rashk E Masiha Karna
Written by Syed Bedam Shah Warsi
Urdu
Complete Ash'aar & Transliteration
Matla to Maqtaاس طرف بھی کرم اے رشکِ مسیحا کرنا
کہ تمہیں آتا ہے بیمار کا اچھا کرنا
بے خودِ جلوہ سے کہتا ہے یہ جلوہ ان کا
لطفِ نظارہ اٹھا ہوش سنبھالا کرنا
اے جنوں کیوں لئے جاتا ہے بیاباں میں مجھے
جب تجھے آتا ہے گھر کو مرے صحرا کرنا
جب بجز تیرے کوئی دوسرا موجود نہیں
پھر سمجھ میں نہیں آتا ترا پردہ کرنا
یہی دو کام ہیں ناکامِ محبت کے لئے
کبھی ان کا کبھی تقدیر کا شکوہ کرنا
ہم بھی دیکھیں ترے آئینۂ رخ کو لیکن
شاق ہے گرِد نظر سے اسے دھندلا کرنا
کوئی بھی جاء ہو حرم ہو کہ صنم خانہ ہو
ہم کو نقشِ قدمِ یار پہ سجدہ کرنا
دکھ لے جا کے وہ دریا پہ تماشائے حباب
جس کو منظور ہو نظارۂ دنیا کرنا
پردۂ ہستئ موہوم ہٹا لو پہلے
پھر جہاں چاہو وہاں یار کو دیکھا کرنا
شکوہ اور شکوۂ محبوب، الٰہی توبہ
کفر ہے مذہبِ عشاق میں شکوہ کرنا
ایک تم ہو کہ تمہیں بات کا کچھ پاس نہیں
اور اک ہم کہ ہمیں منہ سے جو کہنا کرنا
وہ مرے اشک کو دامن پہ جگہ دیتے ہیں
یعنی منظور ہے اس قطرے کو دریا کرنا
ایسی آنکھوں کے تصدق مری آنکھیں بیدمؔ
کہ جنہیں آتا ہے اغیار کو اپنا کرنا
اس طرف بھی کرم اے رشکِ مسیحا کرنا
کہ تمہیں آتا ہے بیمار کا اچھا کرنا