Madad Kar Meri Do Jahanon Ke Malik
Written by Unknown
Urdu
Complete Ash'aar & Transliteration
Matla to Maqtaمدد کر میری دو جہانوں کے مالک
مصیبت میں میں نے پکارا ہے تجھ کو
گناہوں کے دلدل میں میں پھنس گیا ہوں
نکلنے کی راہیں ہوئیں بند ساری
وہ نیا میری ڈوبتی جا رہی ہے
بچا لے اسے تو خداوندِ باری
کسی سے کوئی واسطہ ہی نہیں ہے
تیرا جب سے خالق سہارا ہے مجھ کو
مدد کر میری دو جہانوں کے مالک
مصیبت میں میں نے پکارا ہے تجھ کو
تیرا نام حی اور قیوم بھی ہے
تجھے نیند آتی نہیں ایک پل بھی
تو ہی تھامتا ہے زمین آسمان کو
ہوائیں بھی ہیں حکم سے تیرے چلتیں
مجھے تھام لے اور بچا لے مجھے تو
بہت دور لگتا کنارا ہے مجھ کو
مدد کر میری دو جہانوں کے مالک
مصیبت میں میں نے پکارا ہے تجھ کو
تو رازق ہے سب کا جہانوں کے مالک
زمین آسمان میں تیری بادشاہی
تو ہی بخشتا ہے دنوں کو اجالے
کہ راتوں کو دیتا ہے تو ہی سیاہی
کشادہ میرا رزق کر دے اے مالک
یہ کہنے کو دل نے ابھارا ہے مجھ کو
مدد کر میری دو جہانوں کے مالک
مصیبت میں میں نے پکارا ہے تجھ کو
تیری بندگی تو میری زندگی ہے
میری زندگی کا تو حاصل یہی ہے
میں سجدے پہ سجدہ کیے جا رہا ہوں
یہ گردن میری تیرے در پر جھکی ہے
قلم پھیر دے خود میری ہر خطا پر
میں مٹ جاؤں کیسے گوارا ہے مجھ کو
مدد کر میری دو جہانوں کے مالک
مصیبت میں میں نے پکارا ہے تجھ کو
تیرا نام ستار غفار بھی ہے
یہ بندہ تو عاجز گنہگار بھی ہے
الٰہی میرا سر ہے سجدے میں رکھا
زباں پر میری آج اقرار بھی ہے
زمانے سے منہ موڑ کر آ گیا ہوں
فقط ایک تیرا سہارا ہے مجھ کو
مدد کر میری دو جہانوں کے مالک
مصیبت میں میں نے پکارا ہے تجھ کو
میرے ہاتھ اٹھتے نہیں ہیں دعا کو
کبھی غیر کے در پہ جا کر خدایا
تو حاجت روا ہے تو مشکل کشا ہے
اسی بات پر تو میں ایمان لایا
ہر ایک شے ہے قبضۂ قدرت میں تیرے
یہ ایمان جاں سے بھی پیارا ہے مجھ کو
مدد کر میری دو جہانوں کے مالک
مصیبت میں میں نے پکارا ہے تجھ کو