Soye Hain Woh Bazahir Dil Unka Jaagta Hai
Written by Ajmal Sultanpuri
Urdu
Complete Ash'aar & Transliteration
Matla to Maqtaسوئے ہیں وہ بظاہر دل ان کا جاگتا ہے
تلوے سے ان کے قدسی پیشانی مل رہا ہے
آنکھیں کھلیں تو پوچھا جبریل کہیے کیا ہے
جبریل بولے آقا خالق بلا رہا ہے
سرکار حکم ہو تو حاضر کروں سواری
سج کر براقِ انور دروازے پر کھڑا ہے
نعلینِ پاک پہنے نکلے حرم سے باہر
دیکھو تو قدسیوں کا میلا لگا ہوا ہے
تعظیم سے فرشتے بولے سلام علیکَ
صلِّ علیٰ کا نغمہ ہر سمت گونجتا ہے
امت کو یاد کر کے آقا ہوئے روانہ
اور پہنچے بیتِ مقدس جو خانۂ خدا ہے
دیکھا کل انبیاء ہیں موجود باجماعت
بعد از سلام بولے اب انتظار کیا ہے
سرکار نے امامت فرمائی انبیاء کی
ہر مقتدی سے افضل رتبہ امام کا ہے
پھر ہو گئے محمد سوئے فلک روانہ
اب ہو کسی بھی شے جنبش مجال کیا ہے
جنت سجی ہوئی ہے افلاک ہے مزین
راستے میں قدسیوں کا پہرہ لگا ہوا ہے
جبریل نے بھی آخر سدرہ سے ساتھ چھوڑا
بولے کہ یا محمد یہ میری منتہا ہے
رف رف میں بیٹھ کر کے آگے بڑھے محمد
عرشِ بریں کو دیکھا قدموں کو چومتا ہے
وارفتہ بر سماعت آوازِ ادنُ منّی
مہمان مصطفیٰ ہیں اور میزبان خدا ہے
یہ وصل دو کماں کا یا اس سے بھی کہیں کم
قربِ خدا کی منزل معراجِ مصطفیٰ ہے
معراج میں نبی کو اللہ نے بلا کر
سب کچھ دکھا دیا ہے سب کچھ بتا دیا ہے