Back to Collection
Ye Hooriyan E Farangi Dil O Nazar Ka Hijab
Written by Allama Iqbal
Urdu
Complete Ash'aar & Transliteration
Matla to Maqtaیہ حوریانِ فرنگی دل و نظر کا حجاب
بہشتِ مغربیاں جلوہ ہائے پا بہ رکاب
دل و نظر کا سفینہ سنبھال کر لے جا
ماہ و ستارہ ہیں بحرِ وجود میں گرداب
جہانِ صوت و صدا میں سما نہیں سکتی
لطیفۂ ازلی ہے فغانِ چنگ و رباب
سکھا دیے ہیں اسے شیوہ ہائے خانقاہی
فقیہِ شہر کو صوفی نے کر دیا خراب
وہ سجدہ روحِ زمیں جس سے کانپ جاتی تھی
اسی کو آج ترستے ہیں منبر و محراب
سنی نہ مصر و فلسطین میں وہ اذاں میں نے
دیا تھا جس نے پہاڑوں کو رعشۂ سیماب
ہوائے قرطبہ شاید یہ ہے اثر تیرا
میری نوا میں ہے سوز و سرورِ عہدِ شباب